27

آزادکشمیر, عام انتخابات 2021ء وقت پر ہوں گے.چوہدری مسعود وزیر زراعت

مظفرآباد:آزادکشمیر کے وزیر زراعت چوہدری مسعود خالد نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں آئندہ عام انتخابات 2021ء میں وقت پر ہی ہوں گے۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان آزادکشمیر مسلم لیگ ن کے صدر ہیں اور 2021ء تک وزیراعظم آزادکشمیر رہیں گے۔ راجہ محمد فاروق حیدر کے خلاف کسی کے پاس کوئی عدم اعتماد موجود ہے اور نہ ہی آئے گی۔ دعویٰ سے کہتا ہوں کہ جتنی خدمت مسلم لیگ ن کی حکومت نے ریاست کے عوام کی ہے اور کسی حکومت نے بھی عوام کی اتنی خدمت نہیں کی اور کارکردگی کی بنیاد پر آئیندہ الیکشن میں آئیں گے۔ مسلم لیگ ن ایک گھر ہے اور یہ گھر قائم رہے گا اور مضبوط سے مضبوط تر ہوگا۔ سازش کی بنیاد پر کوئی الیکشن آزادکشمیر میں نہیں ہوگا۔ آزادکشمیرمیں سخت ترین احتساب کی ضرورت ہے۔ حاضر سروس جج احتساب بیورو کا چیئرمین ہونا چاہئیے۔ آزادکشمیر میں احتساب بیورو کو مزید فعال ہونا چاہئیے۔آزادکشمیر کے سیاستدانوں، بیوروکریسی کا چین کی طرز پر سخت ترین احتساب کانظام لایا جائے۔ میں سب سے پہلے اپنے آپ کو احتساب کے لئے پیش کرتا ہوں۔ ممبر ضلع کونسل سے لے کر آج تک میرا احتساب کیاجائے۔ آئندہ الیکشن مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم سے لڑوں گا۔ ان خیالات کااظہار وزیر زراعت چوہدری مسعود خالد نے منگل کے روز اپنے آفس چیمبر میں سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری مسعود خالد نے کہا کہ سکندر حیات کا دور حکومت سب سے بہترین دور تھا۔ سکندر حیات بحیثیت وزیراعظم بہترین وزیراعظم تھے۔ ان کے دور حکومت میں آزادکشمیر میں بے مثال تعمیر وترقی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو چیلنج کرتا ہوں کہ کوئی ایک حلقہ منتخب کریں اور دیکھیں کہ کس دور حکومت میں زیادہ کام ہوئے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے خلاف تمام سازشیں ناکام ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان ستمبر سے میرپور سے الیکشن مہم کا آغاز کریں گے۔ انشاء اللہ آئندہ الیکشن میں کارکردگی کی بنیاد پر عوا م کے سامنے جائیں گے۔ وزیر زراعت نے کہا کہ اگر میرے محکمہ میں کسی بھی قسم کی کرپشن ہو میڈیا نشاندہی کرے ایکشن لوں گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نے اپنے دور حکومت میں تعمیروترقی، گڈ گورننس اور تحریک آزادی کشمیر اپنی ترجیحات میں رکھی اور ان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت صرف عوام کی خدمت کاایجنڈہ لے کر آئی ہے اور آئندہ الیکشن میں کارکردگی کی بنیاد پر انشاء اللہ دوبارہ حکومت بنائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

thanks for your feedback