71

مسلم لیگ ن کے علاوہ کوئی جماعت آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی سے مخلص نہیں باقی سب کو اقتدار سے غرض ہے,راجہ محمد فاروق حیدر خان

مسلم لیگ ن کے علاوہ کوئی جماعت آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی سے مخلص نہیں باقی سب کو اقتدار سے غرض ہے,راجہ محمد فاروق حیدر خان

لیپہ کرناہ :وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر و صدر مسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ ہندوستان کی فوج میں جرات نہیں کہ وہ افواج پاکستان اور ایل او سی کے عوام کامقابلہ کر سکے۔ لائن آف کنٹرول پر سندھی ، بلوچی، پنجابی، پٹھان کا خون بھی ہے۔آزاد کشمیر کے لوگ تحریک آزادی کشمیر کے محافظ ہیں، مقبوضہ کشمیر کے عوام کی امید آزاد کشمیر اور پاکستان کے لوگوں سے ہے اگر ہم ان کی مدد نہ کر سکے تو اللہ کو کیا جواب دینگے۔وادی لیپہ کے دلیر اور غیور عوام کو سلام پیش کرتا ہوں جو افواج پاکستان کے شانہ بشانہ دفاع وطن کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔ہم نے وادی لیپہ کو تحصیل کا درجہ دیا تاکہ یہاں کے مسائل مقامی سطح پر حل ہوں اور انتظامی سطح پر عوام کے لیے آسانیاں پیدا ہوں۔ لیپہ کو مظفر آباد اور جہلم ویلی سے ملانے والی شاہراہ کی تعمیر سے اب برفباری میں لیپہ کا راستہ بند نہیں ہوگا۔مسلم لیگ ن کے علاوہ کوئی جماعت آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی سے مخلص نہیں باقی سب کو اقتدار سے غرض ہے۔حکومت میں آنے سے انصاف کی فراہمی اور میرٹ کا قیام ہمارے منشور میں شامل تھا جس پر عملدرآمد کیا۔نائب قاصد اور چوکیدار بھی این ٹی ایس کے ذریعے بھرتی کرینگے۔ رازق اللہ رب العزت کی ذات ہے، ہم نے سفارشی کلچر کا جڑ سے خاتمہ کرنا ہے۔ افواج پاکستان کا فوجی جوان سے لیکر افسر تک ہمارے لیے باعث افتخار ہے.۔ان خیالات کا اظہار انہوں ایل او سی کے نزدیکی علاقے لیپہ میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کا لیپہ جلسہ گاہ آمد پر تاریخی استقبال کیا گیا۔ کارکنان نے بھنگڑے ڈالے، پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور زبردست نعرے بازی کی۔ وزیر اعظم کے ہمراہ وزراء حکومت ڈاکٹر مصطفی بشیر ، راجہ مشتاق احمد منہاس، بیرسٹر افتخار گیلانی،ڈاکٹر نجیب، لیگی رہنماء بھی موجود تھے۔ جلسہ عام سے وزیر آئی ٹی ڈاکٹر مصطفی بشیر، سہیل ناصر خان،میجر (ر) گلزمان، مختار گیلانی،راجہ اقبال، منیر میر، شبیر ملک، شمس الرحمان، نذیر بخاری، طفیل سیاف و دیگر نے بھی خطاب کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ وادی لیپہ کرناہ کے عوام نے گزشتہ کئی دھائیوں سے جس عزم و ہمت کے ساتھ بھارتی فوج کی فائرنگ کا مقابلہ کیا ہے اس پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ جانتا ہوں کہ جب ہندوستانی فوج جب گولہ باری کرتی ہے تو کتنا نقصان ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے مسائل حل کرنے کے لیے ۔وزیراعظم کمیونٹی انفرا سٹرکچر ڈویلپمنٹ پروگرام کا اجراءکیا۔ محمد نواز شریف نے مظفرآبادمیں چار گھنٹے طویل اجلاس منعقد کر کے یہاں کے مسائل سنے اور ہمارا ترقیاتی بجٹ دوگنا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب حکومت میں آئے تو ترقیاتی بجٹ 11 ارب روپے تھا ہم نے اسے دوگنا کروایا، وفاقی محصولات میں اضافہ کیا ، ریاستی آمدن میں اضافہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اب ترقیاتی بجٹ 11 ارب سے 25 ارب پر چلا گیا جس کے ثمرات سب کے سامنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وادی لیپہ کی مختص نشستوں پر ڈاکٹرز بننے والے پہلے لیپہ کرناہ کے عوام کی خدمت کریں۔انہوں نے کہا کہ این ٹی ایس کا نفاذ مشکل فیصلہ تھا لیکن ہم نے حقدار کو اسکا حق دیاجس کے مثبت نتائج بر آمد ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف اور تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی، ہمارا انتخابی منشور ہے کہ اہلیت اور صلاحیت کی بنیاد پر لوگوں کو بھرتی کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے 43 کروڑ روپے رقم ہمیں بنکرز کی تعمیر کے لیے دی ہے جس کا کریڈٹ پاک فوج کو جاتا ہے، اس رقم کی پہلی قسط آ گئی ہے جس میں سے 3 کروڑ روپے بنکرز کی تعمیر کے لیے دیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان سے ملکر بنکرز کی تعمیر کرینگے۔ یہاں کی مقامی صنعت کو فروغ دیا جائے، ہم یہاں سیاحت کو فروغ دینا چاہتے ہیں تاکہ یہاں مقامی سطح پر روزگار میسر آئے۔ ہم چاہتے ہیں کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ مواقعے فراہم کریں،لیپہ کے عوام تعلیمی میدان میںبھی کسی سے کم نہیں ۔آزادکشمیر کے عوام نے خونی لکیر کے دوسری طرف اپنا تعلق رکھنا ہے، آزاد کشمیر کے لوگ محافظ تحریک آزادی کشمیر ہیں ، ہم قربانی کے لیے تیار ہیں، اپنے مظلوم بھائیوں کے لیے جان کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کرینگے، کفار کے خلاف لڑنا اور اپنی ما ﺅں بہنوں کی عصمتوں کو بچاتے ہوئے شہید ہونے سے بڑا کوئی درجہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور افواج پاکستان سے ایک قدم آگے ہونگے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی امید آزاد کشمیر اور پاکستان کے لوگوں سے ہے،اگر ہم ان کی مدد نہ کر سکے تو اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو کیا منہ دکھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے علاوہ کوئی بھی جماعت آزاد کشمیر کی ترقی اور خوشحالی سے مخلص نہیں، باقی سب کو اقتدار سے غرض ہے، ہماری کاردگی اور گزشتہ حکومتوں کی کاردگی سب کے سامنے ہے۔ پانچ سال پورے ہونے کے بعد اپنا نامہ اعمال پر لیکر عوام میں جائیں گے، عوام مسلم لیگ ن کو ووٹ دیں تاکہ تعمیر و ترقی کا سلسلہ جاری رہے۔ انہوں کہا کہ وزیراعظم پاکستان سے گزارش کرتا ہوں کہ تلخی کو ختم کریں یہ ملکی مفاد میں ہے۔ ہندوستان کے راستے میں واحد رکاوٹ پاکستان ہے اس لیے وہ ہمیشہ پاکستان کو کمزور کرنے کی سازشیں کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر مصطفی بشیر اور ڈاکٹر نجیب نقی نے کرونا وبا کے دوران بہترین کام کیا جس پر انہیں مبارکباد دیتا ہوں۔جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر آئی ٹی مصطفی بشیر نے کہا کہ راجہ محمد فاروق حیدر خان کا پرتپاک استقبال کرنے پر لیپہ کرناہ کے عوام کا شکرگزار ہوں۔ وادی لیپہ کے عوام کو سفری مشکلات کا سامنا تھا اس کے حل کر لیے وادی لیپہ کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کیا۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے اپنی تین ترجیحات کے مطابق کام کیا۔ تحریک آزادی کشمیر کو انٹرنیشنلائزکیا۔ گڈ گورننس کا نفاذ اور میرٹ کا قیام عمل میں لایا۔ تعلیمی معیار میں بہتری لائی جس سے اہل لوگ میرٹ پر تعینات ہوئی۔ وادی لیپہ میں تعلیمی نظام میں مسائل کو حل کیا۔ وادی لیپہ میں ہونے والی ترقی واضح نظر آرہی ہے۔ وادی لیپہ میں صحت کے مسائل حل کیا۔ تعلیمی اداروں میں مکانیت کا مسئلہ حل کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں علاقے کو پسماندہ رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں متحد اور عوامی خدمت کے لیے پر عزم ہیں۔ وادی لیپہ کے عوام نے ہمیشہ عزت دی ہے۔ وادی لیپہ مسلم لیگ ن کا گڑھ ہے، اپنی کارکردگی کی بنیاد دوبارہ الیکشن جیتے گی۔قبل ازیں وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے داﺅکھن میں محکمہ سیاحت کے ٹورسٹ ریسٹ ہاوس( ٹورسٹ لاج) کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر وزیر سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس، ڈاکٹر مصطفی بشیر، بیرسٹر افتخار گیلانی، سیکرٹری سیاحت محترمہ مدحت شہزاد،سیکرٹری جنگلات سید ظہور الحسن گیلانی،ڈی جی سیاحت ارشاد پیرزادہ، ڈی جی کشمیر کلچرل اکیڈمی شفقت علی چوہدری و دیگر بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

thanks for your feedback